مقبوضہ بیت المقدس، اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسیع علاقوں کو ریاستی ملکیت قرار دینے کی منظوری دے دی، جس کے بعد پاکستان نے اس فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اس کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کا یہ اقدام غیرقانونی آبادکاری کی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے اور بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ قابض طاقت کے یہ اشتعال انگیز اقدامات خطے میں منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی استثنیٰ ختم کرنے اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔
پاکستان کی مغربی کنارے میں اسرائیلی فیصلے کی مذمت ، عالمی برادری سے مؤثر کارروائی کا مطالبہ
1 ماہ قبل