پاکستان ڈیجیٹل معیشت اور بٹ کوائن میں عالمی مرکز بن گیا

3 ماہ قبل
پاکستان ڈیجیٹل معیشت اور بٹ کوائن میں عالمی مرکز بن گیا

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور بٹ کوائن ٹیکنالوجی کی جانب تیز رفتار پیش رفت نے ملک کو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے ابوظہبی بٹ کوائن کانفرنس 2025 میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بٹ کوائن اور دیگر ڈیجیٹل اثاثوں کو صرف سرمایہ کاری کے طور پر نہیں بلکہ مستقبل کے مالیاتی نظام کا ایک اہم ستون سمجھتا ہے۔چیئرمین کے مطابق 240 ملین آبادی اور 70 فیصد نوجوانوں پر مشتمل پاکستان روایتی معیشت تک محدود نہیں رہنا چاہتا بلکہ ڈیجیٹل معیشت کے ایک نئے اور مثر ماڈل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو محض صارف بنانے کے بجائے ڈیجیٹل تخلیق کار اور نئی معیشت کے معمار بنانا ہے۔بلال بن ثاقب نے مزید کہا کہ پاکستان غیر منظم کرپٹو مارکیٹ کو عالمی معیار کے مطابق شفاف، محفوظ اور سرمایہ کار دوست نظام میں تبدیل کرنے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے، جس سے ملکی معیشت کو نئی سمت مل رہی ہے اور عالمی سطح پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔یہ اقدامات پاکستان کی مالیاتی جدت اور ڈیجیٹل انقلاب میں نمایاں کردار کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ ملکی نوجوان طبقے کے لیے بھی نئے مواقع کے دروازے کھول رہے ہیں۔