پاکستان اور قازقستان نے 19 معاہدوں پر دستخط کر دیے

2 ماہ قبل
پاکستان اور قازقستان نے 19 معاہدوں پر دستخط کر دیے

اسلام آباد( ترکیہ خبر)پاکستان اور قازقستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی 19 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہو گئے، اور دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کو ایک سال میں ایک ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر قازقستان قاسم جومارت توکایووف نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے۔ معاہدوں میں کان کنی، پیٹرولیم، قیدیوں کے تبادلے، میری ٹائم، ٹرانزٹ ٹریڈ، کسٹمز، ریلوے، صحت، پلانٹ پروٹیکشن، ویٹرنری، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ترقی، موسمیاتی تبدیلی، اعلیٰ تعلیم، ثقافت، لاجسٹک، ورچوئل اثاثے اور بندرگاہوں میں تعاون شامل ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دے گا، مفاہمتی یادداشتوں کو عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہیں، اور یہ اقدامات معاشی اور ثقافتی تعاون میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے غزہ میں امن کی بحالی کے لیے دعا کی اور تجارتی حجم بڑھانے کے مواقع پر زور دیا۔صدر قازقستان قاسم جومارت توکایووف نے کہا کہ پاکستان قابل اعتماد شراکت دار ہے، مشترکہ اعلامیہ اور معاہدے دوطرفہ تعلقات کے لیے اہم ہیں، اور ایک ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے لیے مل کر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے تجارتی، فضائی، تولیدی، تعلیم، سائنس اور اسلامک فنانسنگ شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور وزیراعظم شہباز شریف کو قازقستان کے دورے کی دعوت دی۔قبل ازیں قازقستان کے صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، قومی ترانے بجائے گئے اور یادگاری پودا بھی لگایا گیا۔