غزہ جنگ میں 38 ہزار سے زائد فلسطینی خواتین اور بچیاں شہید
غزہ( مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں فلسطینی خواتین اور بچیوں کی ہلاکتوں، زخمیوں اور بے گھری سے متعلق تشویش ناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔غزہ کی وزارت امور خواتین کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 38 ہزار سے زائد خواتین اور بچیاں جان سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں، جبکہ 11 ہزار 700 خواتین اور بچیاں شدید زخمی ہوئیں اور مستقل معذوری کا شکار ہوگئیں۔وزارت کے مطابق مجموعی طور پر 50 ہزار خواتین اور بچیاں اس تباہی سے متاثر ہوئی ہیں۔ فلسطینی خواتین کے قومی دن پر جاری بیان میں کہا گیا کہ غزہ میں ایک لاکھ سے زائد خواتین بے گھر ہوئیں، جبکہ ہزاروں خواتین اپنے شوہروں سے محروم ہوچکی ہیں۔دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے نفاذ کے باوجود اسرائیلی حملے جاری رہے، جن میں کم از کم 1,551 فلسطینی شہید اور 5,573 زخمی ہوچکے ہیں۔