شمالی وزیرستان: پاک افغان سرحد پر کارروائی، 8 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک

3 دن قبل
شمالی وزیرستان: پاک افغان سرحد پر کارروائی، 8 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی( ترکیہ خبر) سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے پاک افغان سرحدی علاقے میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا کر 8 بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج دہشت گرد ہلاک کر دیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اپریل 2026ء کو دہشت گرد گروہ کی نقل و حرکت دیکھی گئی، جس پر فورسز نے بروقت اور مہارت کے ساتھ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان حکومت سرحدی ذمہ داریوں میں ناکام رہی ہے اور اسے پاکستانی سرزمین کے خلاف دہشت گردی کے استعمال کو روکنا چاہیے۔ علاقے میں مزید خارجی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔