مشکل گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا:شہباز شریف

6 دن قبل
مشکل گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا:شہباز شریف

اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں خلیجی بحران کے پٹرولیم مصنوعات پر اثرات، ملک میں موجودہ ذخائر اور عوامی ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایندھن کی بچت کیلئے حکومت کے اقدامات پر عملدرآمد، آئندہ لائحہ عمل اور موجودہ ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انٹیلیجنس بیورو نے وزیراعظم کی سادگی مہم اور بچت اقدامات پر پیش رفت سے متعلق آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری بند کرنے جیسے اقدامات کیے گئے، اور موجودہ حالات میں قربانی کا آغاز حکومتی اخراجات میں کمی سے کیا گیا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو مسترد کیا گیا اور بچت سے حاصل شدہ رقم عوامی ریلیف کیلئے استعمال کی جا رہی ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے۔ عالمی بحران کے باوجود ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آیا، اور پاکستان خطے میں امن قائم رکھنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کی رجسٹریشن کا عمل تیز کیا جا رہا ہے تاکہ ممکنہ ریلیف مؤثر انداز میں ان تک پہنچایا جا سکے۔ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں، آئندہ انتظامات کیے جا رہے ہیں، ہائی آکٹین ایندھن پر لیوی میں اضافے کے باوجود جیٹ فیول کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اور ملک میں ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، مشیر وزیراعظم، وزیر مملکت، معاونین خصوصی اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔