ممبئی( شوبز ڈیسک) بالی وڈ کی سینئر اداکارہ نینا گپتا نے اپنے کیریئر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں موقع ملا ہوتا تو وہ آج کی کئی ہیروئنز کے مقابلے میں بہتر کام کر سکتی تھیں اور دیکھنے میں بھی زیادہ اچھی لگتی۔1980 کی دہائی کے اوائل میں بالی وڈ میں قدم رکھنے والی 66 سالہ اداکارہ نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ اپنے عروج کے زمانے میں وہ کمرشل ہندی فلموں میں مرکزی ہیروئن کے طور پر کام نہ کر سکیں، جس پر انہیں افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا کیریئر طویل اور شاندار رہا، سنیما سے شروع ہو کر 1990 کی دہائی میں کیبل ٹی وی کے عروج تک پہنچا اور بعد ازاں کمرشل فلموں میں بھی کامیابی حاصل ہوئی، لیکن ان کا ماننا ہے کہ وہ اس سے بھی زیادہ بہتر کر سکتی تھیں۔اداکارہ نے کہا، "میری اپنی غلطیاں تھیں، میں ہمیشہ صبر سے کام نہیں لیتی، زیادہ تر وقت خود پر بھروسہ نہیں کیا، اور یہی عوامل میری ترقی میں رکاوٹ بنے۔" نینا گپتا نے مزید بتایا کہ انڈسٹری میں ان کے لیے کوئی رہنمائی فراہم کرنے والا نہیں تھا، نہ کوئی گاڈ مدر اور نہ گاڈ فادر۔ آخرکار انہیں یہ احساس ہوا کہ فلم انڈسٹری بنیادی طور پر ایک کاروبار ہے، جذبات کا کم عمل دخل ہے اور اس کھیل کے اصولوں کو سمجھنا ضروری ہے۔