نیوکاسل کے کوچ ایڈی ہو فوری طور پر عہدہ چھوڑ دیں گے
باکو( سپورٹس ڈیسک)بی بی سی اسپورٹ کے مطابق نیوکاسل یونائیٹڈ کے منیجر ایڈی ہو فوری طور پر کلب سے علیحدہ ہونے والے ہیں۔ایڈی ہو گزشتہ سیزن میں شدید دباؤ کا شکار رہے، جب نیوکاسل کی ٹیم پریمیئر لیگ میں 38 میچوں میں 17 شکستوں کے بعد 12ویں نمبر پر رہی۔48 سالہ کوچ کا آخری میچ بدھ کو پری سیزن دوستانہ مقابلے میں برسٹل سٹی کے خلاف تھا، جس میں نیوکاسل کو 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ذرائع کے مطابق ایڈی ہو کو رواں موسم گرما میں کلب کی جانب سے کھلاڑیوں کی خرید و فروخت کے معاملات پر کچھ تحفظات تھے، تاہم وہ اس بات سے آگاہ تھے کہ کلب کے لیے بعض کھلاڑیوں کی فروخت ضروری ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال کے آغاز میں ایڈی ہو نے کھلاڑیوں کی ممکنہ فروخت کے باوجود سینٹ جیمز پارک میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم موسم گرما کے دوران ان کی سوچ میں تبدیلی آئی۔نیوکاسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ ہاپکنسن نے مارچ میں کہا تھا کہ اس وقت کلب منیجر کی تبدیلی سے متعلق کوئی بات چیت نہیں کر رہا۔