نیو یارک( مانیٹرنگ ڈیسک) نو منتخب میئر زہران ممدانی یکم جنوری 2026 کو دو مرحلوں پر مشتمل تقریب میں عہدے کا حلف اپنے دادا کے قرآنِ کریم اور ایک تاریخی قرآن پر اٹھائیں گے۔ یہ تاریخی قرآن معروف سیاہ فام مورخ اور ادیب آرتورو شومبرگ کی ملکیت تھا، جسے نیو یارک پبلک لائبریری نے خصوصی طور پر فراہم کیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شومبرگ خود مسلمان نہیں تھے، لیکن ان کے قرآن کا انتخاب نیو یارک کی متنوع تاریخ اور شناخت کی علامت کے طور پر کیا گیا ہے۔ دن کے وقت سٹی ہال کے باہر ہونے والی عوامی تقریب میں بھی زہران ممدانی قرآنِ کریم پر حلف اٹھائیں گے، جہاں امریکی سینیٹر برنی سینڈرز ان سے عہدے کا حلف لیں گے۔ موجودہ میئر ایرک ایڈمز، کانگریس کے ارکان اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔زہران ممدانی کا کہنا ہے کہ یہ لمحہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ نیو یارک کے لاکھوں مسلمانوں کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے واضح کیا تھا کہ ہر مسلمان کی خواہش ہے کہ اسے ایک عام نیو یارکر کی طرح برابری اور عزت کے ساتھ دیکھا جائے۔یاد رہے کہ نیو یارک کے سابق میئرز بھی اپنی ذاتی یا تاریخی اہمیت کی حامل مذہبی کتابوں پر حلف اٹھاتے رہے ہیں۔ زہران ممدانی اس شہر کے پہلے مسلمان میئر ہیں جو قرآنِ پاک پر حلف اٹھائیں گے۔