نیتن یاہو نے صومالیہ کی خودمختاری پامال کر دی، صدر حسن شیخ محمود

3 ماہ قبل
نیتن یاہو نے صومالیہ کی خودمختاری پامال کر دی، صدر حسن شیخ محمود

صومالیہ( مانیٹرنگ ڈیسک)صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود نے اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کے حالیہ اقدامات کو صومالیہ کی خودمختاری پر کھلا حملہ قرار دیا ہے۔ اتوار کے روز صومالیہ کی پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر محمود نے کہا کہ نیتن یاہو نے تاریخی طور پر صومالیہ کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔صدر حسن شیخ محمود کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا فیصلہ صومالیہ کی وحدت اور علاقائی سالمیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صومالی لینڈ صومالیہ کا لازمی اور ناقابلِ تقسیم حصہ ہے اور اس حوالے سے کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کا یہ فیصلہ عالمی سطح پر علیحدگی پسند تحریکوں کو تقویت دے سکتا ہے جو خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ تاہم صدر نے اعتماد کا اظہار کیا کہ صومالی عوام کا اتحاد اور قومی یکجہتی اس اقدام کو ناکام بنا دے گی۔پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران صدر محمود نے فلسطینی مسئلے پر بھی دو ٹوک موقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صومالیہ فلسطینی عوام کو غزہ کی پٹی سے بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتا ہے اور اس عمل کو دو ریاستی حل کو ختم کرنے کی سازش قرار دیا۔صدر صومالیہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کا ملک مشرق وسطی کے تنازعے کو اپنی سرزمین پر منتقل کرنے کو قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صومالیہ میں کسی بھی غیر ملکی فوجی اڈے کے قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی، جہاں سے کسی دوسرے ملک کے خلاف کارروائیاں کی جائیں۔انہوں نے صومالی عوام سے امن، تحمل اور اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صومالی لینڈ کے ساتھ بات چیت کے ذریعے قومی اتحاد کو مضبوط کیا جائے گا۔ صدر نے آخر میں کہا کہ صومالیہ اپنی زمینوں اور خودمختاری کے دفاع کے لیے تمام سفارتی اور قانونی راستے اختیار کرے گا۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے اسلامی تعاون تنظیم سمیت 21 ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا تھا۔