اسلام آباد ( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع امریکی سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اسلام آباد میں جاری مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر بھی گفتگو کی۔امریکی سفیر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور اسے ایک مثبت اور ذمہ دار سفارتی کوشش قرار دیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے مذاکرات کے دوران کیے گئے سیکیورٹی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام غیر ملکی مہمانوں کے لیے خصوصی اور سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ اجلاس پرامن ماحول میں جاری رہ سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کی کامیابی کے لیے حکومت پرامید ہے اور اس حوالے سے نیک خواہشات رکھتی ہے۔ملاقات کے دوران ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن بھی موجود تھے۔
محسن نقوی کی امریکی سفارتخانے آمد، اسلام آباد مذاکرات اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان