این بی پی سنوکر چیمپئن شپ میں محمد آصف چھا گئے

2 ماہ قبل
این بی پی سنوکر چیمپئن شپ میں محمد آصف چھا گئے

لاہور( سپورٹس ڈیسک) این بی پی نیشنل سنوکر چیمپئن شپ میں سٹار کھلاڑی محمد آصف نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو سنچری بریکس اسکور کر کے سب کی توجہ حاصل کر لی، جبکہ سہیل شہزاد نے حارث خان کے خلاف سنچری بریک کے ساتھ 0-4 سے واضح کامیابی حاصل کی۔نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے روز کئی سینئر کھلاڑیوں نے فتوحات سمیٹیں۔ محمد سجاد، اسجد اقبال اور شاہد آفتاب نے اپنے اپنے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔ شاہد آفتاب نے دانیال شہزاد کو 0-4 سے شکست دی جبکہ مدثر یعقوب نے محمد یوسف کو ہرا دیا۔دیگر مقابلوں میں محمد سجاد نے ایم فرحان، ایم فیضان نے شاہ خان، اویس اللہ منیر نے شاہ زیب رفی اور ذوالفقار عبدالقادر نے ایم شہباز کو شکست دی۔ اسی طرح محمد آصف نے برجیس خان، اسجد اقبال نے آفتاب بیگ، حسنین اختر نے محمد نسیم اختر، علی حمزہ نے غلام عباس، سہیل شہزاد نے حارث خان اور آئین مارک جون نے ناصر شاہ کو مات دی۔چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 48 کھلاڑی شریک ہیں جنہیں 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ سے دو نمایاں کھلاڑی ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ ٹاپ 8 کھلاڑی براہِ راست پری کوارٹر فائنلز میں پہنچیں گے جبکہ باقی 16 کھلاڑی لاسٹ 24 کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں مدِ مقابل ہوں گے۔ناک آؤٹ راؤنڈز بیسٹ آف 7 فریمز پر کھیلے جائیں گے، جبکہ پری کوارٹر فائنلز، کوارٹر فائنلز اور سیمی فائنلز بیسٹ آف 9 فریمز پر مشتمل ہوں گے۔ فائنل مقابلہ بیسٹ آف 11 فریمز کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں انڈر 17 اور انڈر 21 کیٹیگری کے جونیئر چیمپئنز بھی ایکشن میں نظر آ رہے ہیں۔