لاہور ( ترکیہ خبر)لاہور سے سامنے آنے والی سرکاری رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب کی بارہ کروڑ سے زائد آبادی کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں مجموعی طور پر صرف 411 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں۔ڈی جی ہیلتھ کیئر سروسز کی جانب سے یہ تفصیلی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی، جس میں بتایا گیا کہ صوبے کے 36 اضلاع کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے محدود تعداد میں وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ضلع میانوالی میں سب سے زیادہ 30 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں جبکہ سیالکوٹ میں یہ تعداد صرف چار ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 9، راولپنڈی میں 18، حافظ آباد میں 23 اور وہاڑی میں 10 وینٹی لیٹرز فراہم کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں وضاحت کی گئی کہ وینٹی لیٹر ایک اہم طبی آلہ ہے جو انتہائی نگہداشت کے مریضوں کو مصنوعی سانس فراہم کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ان مشینوں کو چلانے کے لیے تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے اور ان کی کارکردگی کی نگرانی کے لیے خصوصی نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔یہ تفصیلات جسٹس خالد اسحاق کی جانب سے دائر درخواست پر طلب کی گئی تھیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سانس کی شدید تکالیف میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لیے ہنگامی اقدامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔