کراچی(شوبز ڈیسک)بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ جے ایس شنکر کی ملاقات کو نئے سال کی خوشگوار پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دونوں رہنماؤں کی مصافحے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ لمحہ خطے میں مثبت تبدیلی کی علامت بن سکتا ہے۔علی ظفر کا کہنا تھا کہ نئے سال کے پہلے دن ایسی تصویر دیکھنا خوش آئند ہے اور اگر پاکستان اور بھارت ماضی کی کشیدگی اور منفی آوازوں سے آگے بڑھیں تو پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز بیانیے، ٹرولنگ اور منفی سوچ سے نکل کر آگے بڑھنے سے دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔گلوکار نے امید ظاہر کی کہ سال 2026 امن اور پیش رفت کا سال ثابت ہو، جبکہ انہوں نے اس ملاقات کو پاک بھارت کرکٹ ہینڈ شیک تنازع کے تناظر میں بھی ایک نیا موڑ قرار دیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان طویل کشیدگی کے باوجود بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان یہ ملاقات بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ہوئی، جہاں دونوں رہنما سابق بنگلادیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کے لیے موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق جے شنکر خود چل کر ایاز صادق کے پاس آئے اور دونوں کے درمیان خوشگوار گفتگو بھی ہوئی۔یہ ملاقات مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد اعلیٰ سطح پر پہلا براہِ راست رابطہ سمجھی جا رہی ہے، جسے سیاسی حلقوں میں غیر متوقع اور اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سردار ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ جے ایس شنکر کی ملاقات خو ش آئند ہے: گلوکار علی ظفر
3 ماہ قبل