لاہور(ترکیہ خبر) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی سے متعلق دو مقدمات کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس کے تحت میاں محمود الرشید کو مجموعی طور پر 33 سال قید اور چھ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدھری اور عمر سرفراز چیمہ کو دس، دس سال قید کی سزا دی گئی۔عدالتی فیصلے کے مطابق میاں محمود الرشید کو مختلف دفعات کے تحت الگ الگ سزائیں سنائی گئیں، جو مجموعی طور پر 33 سال بنتی ہیں۔ عدالت نے شواہد ناکافی ہونے پر 23 ملزمان کو بری کر دیا، جبکہ سات ملزمان کے خلاف الزامات ثابت ہونے پر سزائیں سنائی گئیں۔فیصلے میں کہا گیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدھری اور عمر سرفراز چیمہ کے سازش کی میٹنگ میں موجود ہونے کے شواہد سامنے آئے۔ پراسکیوشن کے مطابق چار سیاسی رہنماؤں نے مبینہ طور پر ملک میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے لیے عوام کو اکسایا۔عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ کیس میں مختلف واٹس ایپ پیغامات، ستر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا ڈیٹا اور فرانزک رپورٹس پیش کی گئیں۔ فیصلے کے مطابق جے آئی ٹی نے ملزمان کو قصوروار قرار دیا، جبکہ ملزمان نے جے آئی ٹی رپورٹ کو کسی بھی فورم پر چیلنج نہیں کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ اگرچہ ملزمان نے اپنے بیانات میں خود کو بے گناہ قرار دیا، تاہم پراسکیوشن شواہد کی بنیاد پر اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں کامیاب رہی۔