مولانا فضل الرحمان کی حکومت پر شدید تنقید، افغان پالیسی پر تحفظات

1 ماہ قبل
مولانا فضل الرحمان کی حکومت پر شدید تنقید، افغان پالیسی پر تحفظات

راولپنڈی( ترکیہ خبر) جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے افغان پالیسی اور ملکی خارجہ پالیسی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے ایک انار نہیں آئے گا، لیکن دہشت گرد آرہے ہیں، اگر آرہے ہیں تو ان کو مارنے سے کس نے روکا ہے۔راولپنڈی میں جمعیت علمائے اسلام یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کیا گیا، اور آج کی حکومت جعلی مینڈیٹ پر اقتدار میں ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ جمعیت علمائے اسلام اقتدار کی لڑائی میں حصہ نہیں لے رہی بلکہ آئین اور حقائق کی بنیاد پر سیاست کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں بعض جماعتوں کو جوڑ کر بنائی جاتی ہیں، لیکن یہ جمہوریت اور سیاست کا مذاق ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کٹ پتلی الیکشن کمیشن اور جھرلو انتخابات کو جمعیت علمائے اسلام قبول نہیں کرتی، اور جماعت ہمیشہ دلیل اور اعتدال کی روش پر عوام کی رہنمائی کرتی ہے۔