تل ابیب میں نیتن یاہو کے خلاف عوام سڑکوں پر آگئے

2 ماہ قبل
تل ابیب میں نیتن یاہو کے خلاف عوام سڑکوں پر آگئے

تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل میں وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے خلاف عوامی غصہ کھل کر سامنے آگیا ہے۔ تل ابیب میں ہزاروں شہری حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کی تبدیلی کے حق میں نعرے لگائے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مظاہرین نے 7 اکتوبر 2023 کے واقعات پر آزاد اور غیر جانبدار تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان واقعات کے حقائق عوام کے سامنے آنا ضروری ہیں۔احتجاج میں شریک افراد نے کہا کہ نیتن یاہو کی پالیسیوں اور سیاسی فیصلوں نے ملک کو شدید بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ وزیراعظم عدلیہ کی آزادی کو محدود کر کے اپنی سیاسی طاقت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کے خلاف جاری مقدمات پر اثر انداز ہوا جا سکے۔نیتن یاہو پر کرپشن، فراڈ اور عوام کو گمراہ کرنے جیسے الزامات عائد ہیں اور ان کے خلاف مقدمات کافی عرصے سے عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔ حال ہی میں ان کی جانب سے صدر سے معافی کی درخواست پر بھی شدید ردِ عمل دیکھنے میں آیا، جسے مظاہرین اقتدار میں رہنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔کئی مظاہرین، بالخصوص یرغمالیوں کے اہل خانہ نے حکومت کی غزہ جنگ میں کارکردگی کو ناکام قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ ایسی حکمت عملی اپنائی جائے جس سے ہر ممکن طریقے سے یرغمالیوں کی جلد رہائی ممکن بنائی جا سکے۔