مریم نواز کا گرین انڈسٹریل زون منصوبہ منظور، سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان
لاہور( اباسین خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقامی اور بیرونِ ملک سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے صوبے میں جدید گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے منصوبے پر فوری پیش رفت کے لیے جامع عملی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے وفد کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں کیا گیا، جس میں او پی ایف کے چیئرمین سید قمر رضا نے گرین اکنامک زون کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے تعاون سے پنجاب میں عالمی معیار کا ماحول دوست صنعتی زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔مجوزہ منصوبے کا مقصد صاف توانائی کے فروغ، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ زون میں شمسی، ہوائی، آبی اور دیگر جدید توانائی ذرائع کے ساتھ بیٹری اسٹوریج اور متبادل توانائی کے نظام بھی شامل ہوں گے، جس سے صنعتوں کو پائیدار اور ماحول دوست بجلی فراہم کی جا سکے گی۔منصوبے سے 18 ہزار سے زائد براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے، سالانہ 5.6 ارب روپے سے زیادہ آمدن حاصل ہونے اور ماحول دوست مصنوعات کی برآمدات کے ذریعے ملکی معیشت میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔ اس منصوبے سے کاربن اخراج میں کمی اور پاکستان کے ماحولیاتی اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی صنعتوں اور کاروبار کے آغاز کے لیے زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ پالیسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ ون ونڈو نظام کے ذریعے سرمایہ کاروں کو تمام ضروری اجازت نامے فوری فراہم کرنے کا انتظام موجود ہے۔