عدن( مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر حضرموت سالم الخنبشی نے اتوار کے روز صوبے میں واپسی اور سیئون سے صوبائی انتظامیہ کے باقاعدہ فرائض کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت حضرموت میں سیکیورٹی صورتحال کے استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔گورنر الخنبشی کے مطابق ہوم لینڈ شیلڈ افواج نے مکلا کے ریان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ تیسرے بریگیڈ کے کمانڈر فہد باممن اور ان کی قیادت میں افواج نے ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کا عملی طور پر آغاز کر دیا ہے، جبکہ محورِ ریان پر مزاحمت کرنے والے گروہوں کو ناکام بنا کر ختم کر دیا گیا ہے۔اتوار کے روز ہوم لینڈ شیلڈ افواج مکلا شہر، ریان ایئرپورٹ اور ساحلی علاقوں میں داخل ہوئیں۔ افواج نے المہرہ میں عبوری کونسل سے وابستہ زیادہ تر گروہوں سے بھاری اسلحہ وصول کرنے کے عمل کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔اس سے قبل ہفتہ کے روز حضرموت کے دوسرے ملٹری ریجن نے مکلا شہر، اس کے مضافات اور تمام فوجی و شہری تنصیبات کو محفوظ بنانے کی تصدیق کی تھی۔دوسرے ملٹری ریجن کے میڈیا سینٹر کے مطابق حضرمی ایلیٹ فورسز، حضرموت پروٹیکشن فورسز اور ہوم لینڈ شیلڈ افواج نے فوجی و شہری تنصیبات کی مکمل سیکیورٹی یقینی بنا دی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی کی خاطر فوجی کیمپوں کے قریب نہ جائیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ادھر العربیہ اور الحدث کے فیلڈ ذرائع کے مطابق، ہوم لینڈ شیلڈ افواج نے سیئون سمیت وادی حضرموت کے شہروں اور اہم تنصیبات کو محفوظ بنانے کا عمل مکمل کر لیا ہے اور اب وہ سطح مرتفع کے علاقوں اور سیئون و مکلا کو ملانے والی شاہراہ پر عبوری کونسل کے باقی ماندہ ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی طرف بڑھ رہی ہیں۔
حضرموت میں بڑی پیش رفت، گورنر سالم الخنبشی کی واپسی، ریان ایئرپورٹ کا کنٹرول بحال
3 ماہ قبل