اسلام آباد ( پاکستان خبر) اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے بعد محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بن گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی بزنس رولز کے تحت اپوزیشن لیڈر کی تقرری 16 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔اپوزیشن لیڈر کا عہدہ 9 مئی کے مقدمے میں عمر ایوب خان کی نااہلی کے بعد خالی ہوا تھا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپوزیشن لیڈر نامزد کیا تھا۔قبل ازیں قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا۔ اس موقع پر طارق فضل چودھری نے کہا کہ اجلاس میں دو دن کا وقفہ تھا اور ممبران کی حاضری معمول سے کم ہے، اس لیے وقفہ سوالات کو موخر کیا جائے۔ تاہم سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ آج وقفہ سوالات نہیں ہوگا اور ممبران کی محنت کے پیش نظر اسے موخر نہیں کیا جائے گا۔بعد ازاں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کی ایک میٹنگ کے 8 ہزار ڈالر ملنے کے حوالے سے اطلاع ملی، اور آپ نے کہا تھا کہ جمعرات کو نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔ اس پر سپیکر نے جواب دیا کہ اجلاس کا بزنس کمیٹیوں کو بھیج کر چیمبر جاؤں گا اور پھر نوٹیفکیشن دیا جائے گا۔