لیبیا کے چیف آف اسٹاف کا طیارہ حادثہ، اہم انکشافات سامنے آ گئے

3 ماہ قبل
لیبیا کے چیف آف اسٹاف کا طیارہ حادثہ، اہم انکشافات سامنے آ گئے

انقرہ( ترکیہ خبر) ترکیہ کے صدارتی شعبہ مواصلات کے سربراہ برہان الدین دوران نے لیبیا کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد الحداد کے طیارے کے حادثے سے قبل موصول ہونے والے آخری پیغام کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ طیارے نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو برقی نظام میں خرابی کی اطلاع دی تھی اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی۔ تاہم واپسی کے دوران طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ترکیہ کے وزیرِ انصاف یلماز طنج کے مطابق انقرہ میں پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ 'ایسن بوگا' ایئرپورٹ کی جانب واپس آ رہا تھا مگر راستے میں ہی ریڈار سے غائب ہو گیا۔فلائٹ ریڈار کے مطابق طیارے نے پہلے بلندی حاصل کی، پھر اچانک اس کی بلندی کم ہوئی اور پرواز کے صرف 16 منٹ بعد وہ ریڈار اسکرین سے اوجھل ہو گیا۔ ترک میڈیا کے مطابق طیارے کے لاپتا ہونے کے مقام پر دھماکے کی آواز بھی سنی گئی، جس کے بعد امدادی ٹیموں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ادھر لیبیا کی عبوری حکومت کے سربراہ عبد الحمید الدبیبہ نے جنرل محمد الحداد کی وفات کی تصدیق کر دی ہے۔ لیبیا کی وزارت دفاع کا ایک وفد بھی حادثے کی تفصیلات جاننے کے لیے انقرہ پہنچ رہا ہے۔