لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر، ملتان میں بھی اسموگ کی شدت برقرار
لاہور ( تر کیہ خبر) پنجاب کے بڑے شہروں لاہور اور ملتان کو شدید اسموگ اور فضائی آلودگی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی کی اوسط شرح 344 سے تجاوز کرگئی، جس کے بعد شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔ پیراگون سوسائٹی میں فضائی آلودگی کا اشاریہ 671 جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 561 ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش ہونے کے امکانات 10 فیصد ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد اور رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ادھر ملتان میں بھی اسموگ کی صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے، جہاں فضائی آلودگی کی اوسط شرح 507 ذرات فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زہریلی فضا کے باعث شہریوں کو روزمرہ معمولات کی انجام دہی میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ بارش سے فضائی آلودگی اور اسموگ کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے، تاہم اس کے بعد سردی بڑھنے اور درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور آنکھوں و سانس کی حفاظت کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔