سیف سٹی تنصیبات کو نقصان پہنچانے پر 2 سال قید، جرمانہ بھی ہوگا

سیف سٹی تنصیبات کو نقصان پہنچانے پر 2 سال قید، جرمانہ بھی ہوگا

اسلام آباد (تر کیہ خبر) وفاقی دارالحکومت میں نافذ کیپیٹل سیف سٹی اتھارٹی آرڈیننس 2026 کے تحت سیف سٹی اتھارٹی کے اثاثوں، آلات، نگرانی کے نظام اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچانا، تباہ کرنا یا ہٹانا قابلِ سزا جرم قرار دے دیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو کم از کم 2 سال قید، 2 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔آرڈیننس کے مطابق سیف سٹی تنصیبات میں غیرقانونی ردوبدل، مداخلت، غلط استعمال یا ان کی کارکردگی میں رکاوٹ ڈالنا بھی جرم تصور ہوگا۔ کوئی شخص قانونی اجازت کے بغیر اتھارٹی کی ملکیت، زیرانتظام یا کنٹرول میں موجود اثاثوں، آلات، سی سی ٹی وی کیمروں، مواصلاتی نیٹ ورک، فائبر آپٹک کیبلز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔نئے قانون کے تحت سیف سٹی اتھارٹی کو سرکاری اور نجی سی سی ٹی وی کیمروں اور فائبر آپٹک نیٹ ورکس کا معائنہ کرنے کے ساتھ انہیں اپنے نگرانی کے نظام سے منسلک کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل نگرانی کو مؤثر بنانا اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانا ہے، تاہم اس حوالے سے سکیورٹی وجوہات تحریری طور پر ریکارڈ کرنا لازمی ہوگا۔آرڈیننس میں شہریوں کی نجی زندگی کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ اس کے تحت نجی رہائش گاہوں یا ایسی جگہوں پر جہاں عام شہریوں کو داخلے کی اجازت نہیں، مذکورہ اختیارات استعمال نہیں کیے جا سکیں گے، تاہم قانون کی اجازت سے اس پابندی میں استثنا حاصل ہوگا۔قانون کے مطابق اتھارٹی کے اہم بنیادی ڈھانچے، معلوماتی نظام یا ڈیٹا تک غیرقانونی رسائی حاصل کرنے، مداخلت کرنے یا نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ایسے جرائم سے نمٹنے کے لیے انسدادِ الیکٹرانک جرائم ایکٹ 2016 کی دفعات 3 سے 8 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اتھارٹی کے پاس محفوظ اور ریکارڈ شدہ معلومات کو قانونِ شہادت 1984 کے آرٹیکل 164 کے تحت عدالت میں بطور ثبوت پیش کیا جا سکے گا۔ اتھارٹی کے ملازمین کو آرٹیکل 59 کے تحت ماہرین تصور کیا جائے گا، جبکہ ضابطۂ فوجداری 1898 کی دفعہ 510 کے تحت بھی انہیں مقرر کردہ ماہر کا درجہ حاصل ہوگا۔آرڈیننس کے تحت اتھارٹی کی ہدایات پر عمل نہ کرنے، کیمروں کی تنصیب یا حفاظتی تقاضے پورے کرنے سے انکار کرنے اور معائنے یا نگرانی کے نظام سے منسلک کرنے کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے نجی و تجارتی اداروں کو 15 روز کے اندر تعمیل کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔قانون میں چیئرمین، وائس چیئرمین، منیجنگ ڈائریکٹر، چیف آپریٹنگ آفیسر، ارکان، افسران، ملازمین، ماہرین اور مشیروں کو بھی آرڈیننس کے تحت نیک نیتی سے کیے گئے اقدامات پر قانونی کارروائی سے تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔مزید برآں، آرڈیننس کی کسی شق اور ملک میں نافذ دیگر قوانین کے درمیان تضاد پیدا ہونے کی صورت میں متعلقہ معاملے پر آرڈیننس کی دفعات کو فوقیت حاصل ہوگی۔ حکومت اس قانون پر عمل درآمد کے لیے قواعد وضع کر سکے گی، جبکہ اتھارٹی کو بھی ان قواعد کے تابع رہتے ہوئے ضوابط مرتب کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.