خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت

خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت

پشاور (تر کیہ خبر) خیبرپختونخوا کے نوجوانوں نے وسائل کی منصفانہ تقسیم، بہتر طرز حکمرانی اور متوازن ترقی کیلئے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کردی۔ملک میں چھوٹے صوبوں اور انتظامی بنیادوں پر نئے یونٹس بنانے کے حوالے سے مختلف حلقوں کی جانب سے آرا کا اظہار جاری ہے۔نوجوانوں کا کہنا ہے کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خودمختاری حاصل ہوئی، تاہم بڑے صوبوں میں انتظامی اور گورننس سے متعلق مسائل اب بھی پوری طرح حل نہیں ہوسکے۔ایک طالب علم نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبوں کا رقبہ بہت وسیع ہے، اس لیے انہیں چھوٹے صوبوں میں تقسیم کرنے سے انتظامی امور زیادہ مؤثر انداز میں چلائے جاسکتے ہیں۔نوجوانوں کے مطابق پنجاب کی صورتحال اس بات کی واضح مثال ہے کہ وسیع رقبے کے باعث دور دراز علاقوں پر ان کی مقامی ضروریات کے مطابق توجہ دینا مشکل ہوجاتا ہے۔ نئے صوبوں کے قیام سے مقامی مسائل کے فوری حل اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔طلبہ کا کہنا تھا کہ چھوٹے صوبوں میں حکومتیں اپنے متعلقہ علاقوں کی ضروریات پر زیادہ توجہ دے سکیں گی، جس سے انتظامی دباؤ بھی کم ہوگا۔بعض نوجوانوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس بنانے سے بدعنوانی میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ حکومتی کارکردگی اور عوامی خدمات میں بھی بہتری لائی جاسکتی ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.