ترکیے خبر

خیبرپختونخوا بجٹ پر ڈیڈ لاک برقرار، اسمبلی اجلاس 17 جون تک مؤخر

خیبرپختونخوا بجٹ پر ڈیڈ لاک برقرار، اسمبلی اجلاس 17 جون تک مؤخر

پشاور( ترکیہ خبر) پشاور میں بجٹ اور دیگر اہم معاملات پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور ناراض اراکین کے درمیان اختلافات تاحال برقرار ہیں، جس کے باعث صوبائی اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق بجٹ اجلاس میں ناراض اراکین کی عدم شرکت کا خدشہ موجود ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایت پر اسمبلی اجلاس 15 جون کے بجائے 17 جون کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ناراض اراکین اور پارٹی کی سینئر قیادت کے ساتھ مختلف معاملات پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے تاکہ اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔ادھر محکمہ خزانہ نے پورے مالی سال کا بجٹ تیار کر لیا ہے، تاہم اس کی پیشی کے حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔دوسری جانب مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے تاحال بجٹ پیش کرنے کے حوالے سے کوئی حتمی ہدایت جاری نہیں کی۔انہوں نے مزید کہا کہ آیا پورے سال کا بجٹ پیش کیا جائے گا یا تین ماہ کا عبوری بجٹ، اس بارے میں فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہی کریں گے۔حکومتی حلقوں کے مطابق بجٹ سے متعلق مشاورت جاری ہے اور آئندہ چند روز میں صورتحال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔