اسرائیلی توسیع پسندی خطے کے بحرانوں کی بنیادی وجہ ہے، دفتر خارجہ
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور خطے کے دیگر بحرانوں کی بنیادی وجہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیاں ہیں، جن کے اثرات فلسطین کے ساتھ شام، لبنان اور دیگر ہمسایہ ممالک تک پھیل رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ مکہ اتحاد کا مقصد کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی نہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔امریکا سے تعلقات کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ وہاں برسراقتدار جماعت کوئی بھی ہو، پاکستان کے واشنگٹن کے ساتھ ہمیشہ اچھے روابط رہے ہیں۔ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، سلامتی اور دہشتگردی کے خلاف تعاون سمیت تمام شعبوں میں امریکی حکومت کے ساتھ اشتراک جاری رکھے گا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا معطل نہیں کیا۔ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان پاکستان آنا چاہیں تو انہیں ویزا دینے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ترجمان کے مطابق گزشتہ سال 9 ہزار سے زیادہ بھارتی سکھ زائرین کو پاکستان آنے کی اجازت دی گئی، جبکہ رواں سال بھی 4 ہزار سے زائد ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مئی 2025 سے کرتارپور راہداری کے ذریعے زائرین کی آمدورفت روک رکھی ہے۔ یہ پابندیاں ختم ہونے پر پاکستان سکھ یاتریوں کی میزبانی اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات معطل ہونے کے باوجود کرتارپور راہداری تعمیر کی اور اس منصوبے پر اربوں روپے خرچ کیے تاکہ سکھ برادری اپنے مقدس مقام تک باآسانی پہنچ سکے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان کو 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد ملکی قیادت کرے گی۔