20 سال بعد پاکستان میں سمندر سے تیل و گیس کی تلاش دوبارہ شروع ہوگی

20 سال بعد پاکستان میں سمندر سے تیل و گیس کی تلاش دوبارہ شروع ہوگی

کراچی (تر کیہ خبر) پاکستان میں 20 سال کے وقفے کے بعد سمندر میں تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کا عمل دوبارہ شروع ہونے جا رہا ہے، اس مقصد کے لیے ترکیہ کی پیٹرولیم کمپنی کا جدید سمندری سروے جہاز 17 سے 20 نومبر کے دوران کراچی پہنچے گا۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی صدارت میں ترک جہاز کی آمد سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی، سمندری امور اور دیگر انتظامی و عملی تیاریوں پر غور کیا گیا۔علی پرویز ملک نے ترک جہاز کی کراچی آمد پر خود استقبال کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان اور ترکیہ کی دیرینہ دوستی اور مکہ معاہدے کے بعد ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں ترکیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ یہ منصوبہ ملکی توانائی ضروریات کے تحفظ اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں اشتراک بڑھانے میں اہم ثابت ہوگا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ مل کر ایسی تاریخی کامیابی حاصل کریں گے جسے آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔اس موقع پر ترک پیٹرولیم کمپنی کے منصوبہ جاتی سربراہ نے پاکستانی حکام کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں کو جہاز کی آمد اور سمندر میں تلاش کے کاموں کے لیے باہمی رابطے اور انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.