انتخابی شکست پر ٹرمپ کا بڑا فیصلہ، اسٹیفن ملر نئے چیف آف اسٹاف مقرر

انتخابی شکست پر ٹرمپ کا بڑا فیصلہ، اسٹیفن ملر نئے چیف آف اسٹاف مقرر

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی ناکامی کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی انتظامیہ میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے چیف آف اسٹاف سوسی وائلز کو عہدے سے ہٹا دیا اور ان کی جگہ اپنے دیرینہ قریبی ساتھی اسٹیفن ملر کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔اسٹیفن ملر کو سخت گیر امیگریشن پالیسیوں کا مرکزی منصوبہ ساز سمجھا جاتا ہے۔ وہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں نائب چیف آف اسٹاف کے فرائض انجام دے رہے تھے اور 2015 سے ٹرمپ کے سیاسی سفر میں ان کے ساتھ ہیں۔یہ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے دوران اعلیٰ انتظامی سطح پر پہلی بڑی تبدیلی ہے۔ سوسی وائلز پیر سے اپنی موجودہ ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو کر صدر کی سیاسی ٹیم میں نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انتخابی نتائج پر ٹرمپ کی ناراضی میں اضافہ ہو رہا تھا اور وہ ریپبلکن پارٹی کی ناکامی کا ذمہ دار اپنی سیاسی ٹیم کی حکمت عملی کو قرار دے رہے تھے۔سوسی وائلز وائٹ ہاؤس کی پہلی خاتون چیف آف اسٹاف تھیں۔ وہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں بھی ٹرمپ کی انتخابی مہم کی قیادت کر چکی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں چھاتی کے سرطان کا علاج مکمل ہونے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ ٹرمپ کی پہلی صدارتی مدت میں 4 چیف آف اسٹاف تبدیل ہوئے تھے، تاہم سوسی وائلز ان تمام افراد کے مقابلے میں زیادہ عرصے تک اس منصب پر فائز رہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.