شاہ سلمان کا بڑا فیصلہ، یمن میں سعودی اتحاد کے فوجی کمانڈر برطرف

شاہ سلمان کا بڑا فیصلہ، یمن میں سعودی اتحاد کے فوجی کمانڈر برطرف

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فہد السلمان کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔سعودی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثی ملیشیا نے یمن کے شہر عدن کی جانب پیش قدمی کی ہے اور حکومتی فورسز آبنائے باب المندب کے قریب متعدد علاقوں سے پیچھے ہٹ گئی ہیں۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہی فرمان کے تحت لیفٹیننٹ جنرل فہد بن حمد بن عبدالعزیز السلمان کو وزیر دفاع کا عسکری امور سے متعلق مشیر مقرر کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد بن رقاد الرویلی کو موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ مشترکہ افواج کی کمان بھی سونپ دی گئی ہے۔فہد السلمان کو اگست 2024 میں یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم مشترکہ فوجی اتحاد کا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔ یہ اتحاد مارچ 2015 میں یمن میں فوجی مداخلت کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سعودی اتحاد کی فضائی اور عسکری معاونت کے باوجود یمنی حکومتی فورسز کو بھاری جانی و فوجی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ انہیں کئی اہم علاقوں سے پسپائی اختیار کرنا پڑی ہے۔یہ صورتحال ستمبر میں حوثی ملیشیا کے اچانک حملے کے بعد پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں حوثی جنگجوؤں نے یمن کے مغربی ساحلی علاقوں اور تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے باب المندب کے گردونواح میں اپنا کنٹرول قائم کرلیا تھا۔دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ اور ریاض کی سمت بھیجے گئے 2 ڈرونز کو فضا ہی میں روک کر تباہ کردیا ہے۔ادھر حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے الزام لگایا ہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں پر 88 حملے کیے، جن میں متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.