بھارت میں مسلمانوں پر مظالم بے نقاب، 3 ماہ میں 16 افراد قتل
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی انسانی حقوق کی تنظیم کی تازہ جائزہ رپورٹ میں بھارت کے اندر مسلمانوں کے خلاف ہندو انتہا پسندوں کے نفرت انگیز جرائم اور مذہبی بنیادوں پر ہونے والے تشدد کی سنگین صورتحال سامنے آگئی ہے۔امریکی انسانی حقوق کی تنظیم ’’ساؤتھ ایشیا جسٹس کمپین‘‘ کی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق بھارت میں گزشتہ 3 ماہ کے دوران مذہبی منافرت اور تشدد کے واقعات میں 16 مسلمانوں کو قتل کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست سے اکتوبر تک بھارتی مسلمانوں کے خلاف جعلی پولیس مقابلوں کے 118 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے 105 واقعات ریاست اترپردیش میں پیش آئے۔ اس کے علاوہ بھارت کی 18 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں انتخابی فہرستوں سے 6 کروڑ 16 لاکھ مسلمانوں کے نام بھی خارج کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاستوں میں مسلمانوں کو زبردستی ہندوتوا کے نعرے لگوانے اور سرعام تضحیک و تذلیل کا نشانہ بنانے کے درجنوں واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔تنظیم کے گزشتہ 4 سال کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2026 بھارتی مسلمانوں کے لیے سب سے زیادہ خونریز سال ثابت ہوا، جس کے دوران انہیں مذہبی تشدد، امتیازی سلوک اور نفرت انگیز کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔