خیبر پختونخوا پولیس میں آپریشن اور تفتیشی ونگ الگ کرنے کا فیصلہ
پشاور( تر کیہ خبر)خیبر پختونخوا حکومت نے پولیس کے انویسٹی گیشن اور آپریشن ونگ کو مکمل طور پر الگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد تفتیشی نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا ہے کہ انویسٹی گیشن ونگ کو انتظامی اور مالی خودمختاری دی جائے گی، جبکہ اے آئی جی سے ضلعی سطح تک اس کے لیے الگ کمانڈ سٹرکچر قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پولیس تفتیش کو آپریشن ونگ سے مکمل آزادی دینے سے فوجداری نظام انصاف میں بہتری آئے گی اور ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے میں مدد ملے گی۔صوبائی وزیر قانون کے مطابق حکومت پراسیکیوشن نظام کو بھی مزید مضبوط اور جوابدہ بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ناقص کارکردگی کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ایکٹ ترمیمی بل کا مسودہ جلد مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد ضلعی، علاقائی اور صوبائی سطح پر الگ تفتیشی نظام تشکیل دیا جائے گا۔آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ اصلاحات کے نتیجے میں جرائم کی روک تھام، عوام کو بہتر انصاف کی فراہمی اور ملزمان کی بریت کی شرح کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ جدید پولیسنگ کے لیے آزاد تفتیشی نظام ضروری ہے۔