خیبرپختونخوا کے عوام نئی انتظامیہ سے امن و ترقی کے امیدوار
پشاور( تر کیہ خبر) ’’بدلتا، نکھرتا اور مضبوط خیبرپختونخوا‘‘ کے وژن کے تحت صوبے کے عوام نئی انتظامیہ سے امن کی بحالی اور ترقی کے لیے پُرامید ہیں۔خیبر، مہمند، باجوڑ اور مردان سمیت مختلف علاقوں کے شہریوں نے نئی انتظامیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد انہیں امید ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا اور نئی انتظامیہ امن و استحکام کی پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کرے گی۔عوام نے توقع ظاہر کی ہے کہ موجودہ حکومت تعلیمی نظام کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور مہنگائی میں کمی پر توجہ دے گی۔ ان کے مطابق پسماندہ علاقوں کی یکساں ترقی اور صوبے میں مکمل امن کے قیام سے ہی عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکتا ہے۔شہریوں کے مطابق گورنر راج کے نفاذ سے انہیں اطمینان حاصل ہوا ہے اور صوبے میں ترقی کی نئی امید پیدا ہوئی ہے۔