خواجہ آصف کا حقانی نیٹ ورک کو سخت پیغام

1 ماہ قبل
خواجہ آصف کا حقانی نیٹ ورک کو سخت پیغام

اسلام آباد ( تر کیہ خبر) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے افغان طالبان قیادت، خصوصاً حقانی گروپ کو دوٹوک پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کے دشمن عناصر کو پناہ دینے سے گریز کریں اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ ماضی میں سوویت یونین کے خلاف جنگ کے دوران پاکستان نے افغان مجاہدین کا ساتھ دیا، انہیں پناہ دی اور دہائیوں تک ان کے خاندانوں کی میزبانی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی لاکھوں افغان شہری پاکستان میں مقیم ہیں اور انہیں سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حقانی خاندان بھی برسوں پاکستان میں مہمان رہا، لیکن بدلے میں ایسے عناصر کو سہارا دیا گیا جو پاکستان میں خونریزی کے ذمہ دار ہیں۔ وزیر دفاع کے مطابق کابل میں ملاقات کے دوران بھی یہ واضح کیا گیا تھا کہ پاکستان دشمن قوتوں کا ساتھ نہ دیا جائے اور نہ ہی کسی قسم کی معاونت کی جائے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر تعاون کی یقین دہانی ہوتی تو مالی معاونت سمیت دیگر امور پر بھی بات ہو سکتی تھی، تاہم اعتماد کی فضا قائم نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ حقانی نام ایک بزرگ نسبت سے جڑا ہوا ہے، اس نسبت کا احترام کیا جانا چاہیے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔