خالد مشعل نے غزہ میں غیر مسلحی کے مطالبات مسترد کردیئے

1 ماہ قبل
خالد مشعل نے غزہ میں غیر مسلحی کے مطالبات مسترد کردیئے

دوحہ( مانیٹرنگ ڈیسک) حماس کے بیرونِ ملک سیاسی امور کے سربراہ خالد مشعل نے غزہ میں فلسطینی دھڑوں کو غیر مسلح کرنے کے مطالبات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ عوام سے ہتھیار چھیننا انہیں ختم کرنے کے لیے آسان شکار بنانے کے مترادف ہے۔الجزیرہ کے مطابق دوحہ میں الجزیرہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ حماس کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کی بحث دراصل فلسطینی مسلح مزاحمت کو غیر مؤثر بنانے کی طویل کوششوں کا تسلسل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک فلسطینی عوام مقبوضہ ہیں، غیر مسلحی کی باتیں اسرائیل کو بین الاقوامی اسلحے کی طاقت کے ساتھ فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کا موقع فراہم کریں گی۔خالد مشعل نے کہا کہ اگر اس معاملے پر بات چیت کرنی ہے تو پہلے ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جس میں غزہ کی تعمیر نو، انسانی امداد کی فراہمی اور جنگ کے دوبارہ بھڑکنے سے بچاؤ کی ضمانت ہو۔ انہوں نے بتایا کہ حماس نے قطر، ترکیے اور مصر سمیت ثالث ممالک اور بالواسطہ ذرائع سے امریکا کو اپنے مؤقف سے آگاہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اصل مسئلہ غزہ میں موجود مزاحمتی قوتیں نہیں بلکہ اسرائیل ہے، جو فلسطینیوں کو غیر مسلح کر کے انہیں افراتفری اور عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے۔