کراچی( شوبز ڈیسک) کراچی سٹی کورٹ میں پیشی کے دوران معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلاء کی جانب سے حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق حملے کے دوران رجب بٹ کے جبڑے اور منہ سے خون بہنے لگا، جس کے بعد عدالتی احاطے میں کشیدگی پیدا ہو گئی۔رجب بٹ عبوری ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے تھے کہ اچانک وکلاء کے ایک گروہ نے ان پر تشدد کیا۔ حملے کے باعث رجب بٹ زمین پر گر گئے اور فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔ پولیس اور عدالتی عملے نے فوری طور پر صورتحال پر قابو پایا۔حملے کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہوسکیں اور وکلاء تنظیموں کی جانب سے بھی کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ واقعے کے بعد عدالت میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سائلین اور دیگر افراد نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔بعدازاں عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع کر دی۔ عدالتی کارروائی مختصر رہی اور زخمی یوٹیوبر کو عدالتی احاطے سے باہر منتقل کر دیا گیا۔ رجب بٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں مزید طبی معائنے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، عدالتی احاطے میں نصب کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کراچی سٹی کورٹ میدان جنگ بن گیا یوٹیوبر پر وکلاء کا حملہ
3 ماہ قبل