شاہ عبداللہ کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی، حوثی حملوں کی شدید مذمت
عمان(مانیٹرنگ ڈیسک) اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے تحفظ کے لیے بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق اردنی فرمانروا نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اردن سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات سے نمٹنے میں اس کا ساتھ دے گا۔شاہ عبداللہ دوم نے سعودی عرب کی اہم تنصیبات اور قومی اثاثوں کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی بھی تائید کی۔یہ رابطہ سعودی عرب پر حوثی حملوں کے مسلسل واقعات کے تناظر میں ہوا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون اور سعودی مملکت کے دفاع کے لیے اردن کی حمایت کی اہمیت نمایاں ہوتی ہے۔