جاپان کی وزیر اعظم سانیے تاکائیچی کی تاریخی انتخابی فتح

1 ماہ قبل
جاپان کی وزیر اعظم سانیے تاکائیچی کی تاریخی انتخابی فتح

ٹوکیو( مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان کی وزیر اعظم اور ایل ڈی پی کی سربراہ سانیے تاکائیچی نے عام انتخابات میں تاریخی اور شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ابتدائی نتائج کے مطابق لبرل ڈیموکریٹک پارٹی نے اکیلے ہی 233 نشستوں کی سادہ اکثریت حاصل کی، جبکہ اتحادی جماعت جاپان انوویشن پارٹی کے ساتھ مل کر دو تہائی اکثریت مکمل کی۔ اس کے بعد وزیر اعظم تاکائیچی کو قانون سازی میں غیر معمولی سہولت حاصل ہو گئی ہے۔تاکائیچی، جو جاپان کی پہلی خاتون وزیر اعظم ہیں، نے عوامی اعتماد معاشی اصلاحات، ٹیکس میں کمی اور قومی سلامتی کے مضبوط مؤقف پر پایا۔ انتخابات سخت سرد موسم اور برفباری میں ہوئے، لیکن ووٹرز نے بھرپور شرکت کی۔ان کی پالیسیوں میں خوراک پر سیلز ٹیکس معطل کرنا، دفاعی اخراجات میں اضافہ اور چین کے مقابل سخت سیکیورٹی مؤقف شامل ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاکائیچی کی حمایت کی اور انہیں اگلے ماہ وائٹ ہاؤس مدعو کرنے کا اعلان کیا، جبکہ چین نے کامیابی کو تشویش کی نگاہ سے دیکھا ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق اس مضبوط مینڈیٹ کے بعد جاپان کی دفاعی اور خارجہ پالیسی میں تیز رفتار فیصلے خطے پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔