غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، خاتون سمیت 4 فلسطینی شہید
مقبوضہ بیت المقدس( مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں کم از کم چار فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔رپورٹس کے مطابق غزہ شہر میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص شہید ہوا۔ خان یونس میں سائیکل پر سوار فلسطینی اور نصیرات پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک اور شخص بھی اسرائیلی حملوں میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے قریب فائرنگ سے ایک خاتون شہید ہوگئیں۔حماس کے زیر انتظام وزارت داخلہ کے مطابق تل الہوا کے علاقے میں منشیات کنٹرول پولیس کی گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملہ کیا گیا، جس میں ایک شخص شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ اسلحہ جمع کر رہی ہے اور حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ دوسری جانب حماس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے باوجود غزہ کی تعمیر نو اور علاقے سے اسرائیلی فوج کے انخلا سے متعلق معاملات پر فریقین کے درمیان اتفاق نہیں ہوسکا۔