اسرائیلی فضائی حملے: جنوبی لبنان اور بیروت کے جنوبی ضاحیہ شدید بمباری کی لپیٹ میں، لاکھوں متاثر

3 ہفتے قبل
اسرائیلی فضائی حملے: جنوبی لبنان اور بیروت کے جنوبی ضاحیہ شدید بمباری کی لپیٹ میں، لاکھوں متاثر


تل ابیب( مانیٹرنگ دیسک)اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان اور بیروت کے جنوبی ضاحیہ پر نئے فضائی حملے کیے ہیں، جو اسرائیلی انتباہات کے بعد کیے گئے۔ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد اب تک تقریباً 7 لاکھ 60 ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔لبنانی حکومت کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ کے مطابق دو مارچ سے اب تک رجسٹرڈ متاثرین کی تعداد 7 لاکھ 59 ہزار 300 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد سرکاری پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔ بیروت کی سپورٹس سٹی اور دیگر اسکول پناہ گاہوں میں متاثرین کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی ضاحیہ کے علاقے حی الجاموس اور صور کے قریب ایک عمارت پر شدید بمباری کی، جبکہ صیدا شہر کی ایک عمارت کو خالی کرنے کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ جنوبی لبنان کے مختلف دیہات پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔لبنانی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 570 افراد جاں بحق اور 1,444 زخمی ہو چکے ہیں۔حزب اللہ نے منگل کو چار علیحدہ بیانات میں الخیام اور عدیسہ کے مضافات میں اسرائیلی فوجیوں اور گاڑیوں کے اجتماعات پر راکٹ باری کا اعلان کیا، خاص طور پر وہ علاقے جہاں گزشتہ ہفتے اسرائیلی افواج نے دراندازی کی تھی۔