ترکیہ خبر

اسرائیل جنگ بندی پر مکمل عمل کرے، مذاکرات ہی واحد حل ہیں، لبنانی صدر

اسرائیل جنگ بندی پر مکمل عمل کرے، مذاکرات ہی واحد حل ہیں، لبنانی صدر

بیروت( مانیٹرنگ ڈیسک) لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا ہے کہ اسرائیل کو دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے آغاز سے قبل جنگ بندی پر مکمل طور پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سلامتی کا واحد راستہ مذاکرات ہیں اور اگر اسرائیل یہ سمجھتا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور سرحدی علاقوں کی تباہی سے اپنے مقاصد حاصل کر سکتا ہے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔لبنانی صدر کے مطابق سرحدوں کا مؤثر تحفظ اسی وقت ممکن ہے جب ریاست اپنی مکمل رٹ کے ساتھ جنوبی علاقوں اور بین الاقوامی سرحدوں تک موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ لبنان امریکا کی جانب سے مذاکرات کے آغاز کی تاریخ کے اعلان کا منتظر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میز پر لبنانی معاملہ موجود ہونا ایک موقع ہے جس سے فائدہ اٹھا کر ملک کو امن اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔صدر جوزف عون نے کہا کہ ملک کو استحکام کے حصول میں مختلف چیلنجز درپیش ہیں اور حکومت فوجی کارروائیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگ بندی کے باوجود حملوں کا جاری رہنا قابل قبول نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کا حل تشدد کے بجائے مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اسی راستے کو اپنانا ہوگا۔