اسرائیل کے ایران پر تازہ فضائی حملے، کئی شہروں میں دھماکے، فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا یا

4 ہفتے قبل
اسرائیل کے ایران پر تازہ فضائی حملے، کئی شہروں میں دھماکے، فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا یا

 تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ ماہ اٹھائیس فروری کو شروع ہونے والی جنگ کے دسویں روز اسرائیلی فوج نے ایران کے مختلف علاقوں میں ایک مرتبہ پھر حملے تیز کر دیے ہیں۔اسرائیلی فوج کی جانب سے پیر کے روز جاری مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے وسطی علاقوں میں حملوں کا نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق ایرانی نظام کے اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لئے اضافی حملے کیے گئے۔فوج کے مطابق بیلسٹک میزائل داغنے والے پلیٹ فارم، داخلی سلامتی فورسز اور بسیج کے مراکز پر بھی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ صوبہ اصفہان میں داخلی سلامتی فورسز کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب ایران کے جنوبی شہر بندر عباس کے فضائی اڈے پر دو میزائل داغے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جن کے نتیجے میں زور دار دھماکے سنائی دیے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اصفہان کے مختلف مقامات، دارالحکومت تہران کے کئی علاقوں اور شمال مغربی شہر زنجان میں شدید فضائی حملے ریکارڈ کیے گئے۔ اسی طرح تہران کے جنوب مغرب میں واقع شہر رے کے علاقے تک بھی گولہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔