العربیہ( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے مشرقی لبنان کے شہر بعلبک کے علاقے العسیرہ پر فضائی حملہ کیا۔حملہ بعلبک شہر میں نحلہ جانے والی سڑک کے قریب علو کمپلیکس کے نزدیک ایک رہائشی عمارت پر کیا گیا، جسے مکمل طور پر زمین بوس کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔لبنانی خبر رساں ایجنسی نے بھی بعلبک پر ہونے والے اس حملے میں کئی افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائی میں مصروف ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنان کے 16 دیہات اور قصبوں کے لیے متوقع حملوں کے پیش نظر انخلا کا انتباہ جاری کیا ہے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب حزب اللہ نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ اس نے شمالی اسرائیل میں حیفا کی بحریہ بیس کو اپنے بارہویں حملے میں نشانہ بنایا۔ حزب اللہ نے بدھ کے روز مزید کہا کہ اس نے المطلۃ میں بھی ایک اسرائیلی اجتماع کو نشانہ بنایا۔