اسلام آباد ہائیکورٹ نے 43 افسران کی مستقلی پر وفاق اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیے

1 ماہ قبل
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 43 افسران کی مستقلی پر وفاق اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیے

اسلام آباد( ترکیہ خبر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے 43 افسران و ملازمین کی مستقلی سے متعلق درخواست پر وفاق سمیت متعلقہ اداروں کو جواب جمع کرانے کے لیے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔جسٹس محمد اعظم خان نے درخواست گزاروں کی جانب سے دائر پٹیشن پر سماعت کے بعد وفاقی حکومت، ایف آئی اے، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور وزارت قانون کو ہدایت کی کہ پیراوائز کمنٹس عدالت میں جمع کروائے جائیں اور درخواست گزاروں کو بھی ان کی نقول فراہم کی جائیں۔درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کنٹریکٹ ختم کرنے کے احکامات روک دیے جائیں اور حتمی فیصلے تک تنخواہوں اور دیگر مراعات کی ادائیگی جاری رکھی جائے، ساتھ ہی متعلقہ آسامیوں کو خالی قرار دے کر دوبارہ ایڈہاک بنیادوں پر بھرتی سے روکا جائے۔پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزاروں کو باقاعدہ اشتہار، ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد تعینات کیا گیا تھا اور بعد میں انہیں ایف آئی اے سے ڈیپوٹیشن پر این سی سی آئی اے بھیجا گیا۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزاروں کے نکات غور طلب ہیں، لہٰذا فریقین کو جواب کے لیے نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور کیس کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔