تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی ہلال احمر سوسائٹی نے انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی قانونی سطح پر تحقیقات کرے۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کی صدر میریانا، جو مبینہ حملوں کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے ایران کے دورے پر ہیں، نے تہران میں ایرانی ہلال احمر کے سربراہ پیر حسین سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پیر حسین نے الزام عائد کیا کہ جنگ کے دوران امریکی اور اسرائیلی حملوں میں عام شہریوں، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ حملوں میں ہلال احمر کے 56 مراکز، تین امدادی ہیلی کاپٹر، 43 ایمبولینسیں اور 49 ریسکیو گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں، جو انسانی امدادی سرگرمیوں کے لیے بڑا نقصان ہے۔ایرانی حکام نے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان واقعات کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے کردار ادا کریں۔
امریکی و اسرائیلی حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ، ایران ہلال احمر کا ریڈ کراس سے رجوع
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں