ماسکو( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا حالیہ دورہ انتہائی مفید رہا، جہاں مختلف حکام کے ساتھ مثبت اور تعمیری مشاورت ہوئی۔روس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر قریبی رابطہ اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، اور اسی مقصد کے تحت وہ ماسکو کے دورے پر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات میں جنگی صورتحال اور خطے کی تازہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جو دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی ملاقاتوں میں ماضی کے واقعات اور ایران امریکا مذاکرات کے ممکنہ فریم ورک پر بھی غور کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمان کے دورے کے دوران آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی، کیونکہ ایران اور عمان اس اہم آبی گزرگاہ کے ساحلی ممالک ہیں، اس لیے باہمی مشاورت ناگزیر ہے۔عباس عراقچی نے مزید کہا کہ خطے میں تجارتی اور بحری راستوں کی حفاظت کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور مسلسل رابطہ وقت کی ضرورت ہے، اور اسی بنیاد پر اعلیٰ سطح کی سفارتی مشاورت جاری رکھی جائے گی۔