ترکیہ خبر

ایران جنگ اختتام کے قریب، اگلے مذاکرات پاکستان میں ہونے کا امکان: ٹرمپ

ایران جنگ اختتام کے قریب، اگلے مذاکرات پاکستان میں ہونے کا امکان: ٹرمپ

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ اپنے اختتام کے قریب ہے اور آئندہ چند دن انتہائی اہم ثابت ہوں گے۔ایک امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ تہران معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے اور امریکا ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت مداخلت نہ کی جاتی تو ایران اب تک جوہری صلاحیت حاصل کر چکا ہوتا۔بعد ازاں ایک اور گفتگو میں امریکی صدر نے واضح کیا کہ وہ جنگ بندی میں توسیع کے بارے میں نہیں سوچ رہے کیونکہ اس کی ضرورت نہیں، تاہم انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ آئندہ دو دن صورتحال کے حوالے سے فیصلہ کن ہو سکتے ہیں اور جنگ کسی بھی مرحلے پر ختم ہو سکتی ہے۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ایک بہتر راستہ ہے جس سے اسے دوبارہ تعمیر کا موقع ملے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران میں انتہا پسند عناصر کا خاتمہ ہو چکا ہے اور وہاں ایک مختلف نظام ابھر کر سامنے آیا ہے۔انہوں نے نیٹو اتحاد پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد امریکا کے لیے مؤثر ثابت نہیں ہوا اور نہ ہی ماضی یا مستقبل میں اس سے کوئی خاص فائدہ متوقع ہے۔ادھر ایک اور انٹرویو میں امریکی صدر نے اشارہ دیا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور پاکستان میں متوقع ہے، جو آئندہ دو روز میں منعقد ہو سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہاں کی قیادت اس عمل میں اہم اور مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔