ایران امریکا جنگ، پانچ سو پروازیں منسوخ

1 ماہ قبل
ایران امریکا جنگ، پانچ سو پروازیں منسوخ

اسلام آباد( ترکیہ خبر) ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگی صورتحال کے اثرات پاکستان سمیت کئی ممالک تک پہنچ گئے ہیں، جس کے باعث مشرق وسطیٰ کے لیے فضائی نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ گزشتہ تین روز کے دوران ملکی اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں کی پانچ سو سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس سے ہزاروں مسافر مختلف ہوائی اڈوں پر پھنس کر رہ گئے۔ذرائع کے مطابق مسافر پروازوں کے ساتھ ساتھ فضائی مال برداری کی سروس بھی معطل ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے خوردونوش سمیت مختلف سامان کی ترسیل رک گئی ہے۔ پروازوں کی بحالی سے متعلق تاحال کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا۔پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مختلف ہوائی اڈوں سے آنے اور جانے والی پانچ سو سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض ممالک کی فضائی حدود کی بندش کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ فی الوقت پاکستان سے صرف سعودی عرب کے لیے پروازوں کی آمد و رفت محدود پیمانے پر جاری ہے۔دوسری جانب ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سینئر رہنما خواجہ ایوب نسیم کا کہنا ہے کہ غیر یقینی حالات اور خوف کے باعث عمرہ زائرین بھی سفر مؤخر کر رہے ہیں۔ متعدد افراد نے دبئی کے راستے سفر کے لیے ٹکٹیں حاصل کی تھیں، جن میں سے کئی منسوخ کی جا رہی ہیں۔ اگرچہ ٹکٹوں کی واپسی ممکن ہے، تاہم ہوٹل بکنگ کی رقم واپس نہ ملنے سے سفری شعبے کو بھاری مالی نقصان کا خدشہ ہے۔حکام کے مطابق اگر علاقائی کشیدگی برقرار رہی تو فضائی آپریشن کی بحالی میں مزید تاخیر ہو سکتی ہے، جس کے اثرات مسافروں اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی پڑیں گے۔