تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)ایران اور اسرائیل و امریکہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایرانی حملوں کے دوران ریاض میں امریکی سفارت خانے کو نشانہ بنایا گیا اور متحدہ عرب امارات، کویت، قطر اور بحرین میں امریکی اڈوں پر حملے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔اسرائیلی فوج نے منگل کو اعلان کیا کہ فضائیہ ایرانی میزائل لانچنگ پلیٹ فارمز پر حملے جاری رکھے گی اور تہران و بیروت میں بیک وقت اہداف پر کارروائیاں کر رہی ہے۔ اس کا مقصد ایران کو لڑاکا طیاروں کے خلاف فضائی دفاع فعال کرنے سے روکنا ہے۔ریاض کے قریب سعودی وزارت دفاع نے 8 ڈرونز کو تباہ کیا، جن میں امریکی سفارت خانے کے دو ڈرون بھی شامل تھے، جس سے عمارت میں معمولی آگ لگی اور محدود نقصان ہوا۔ سعودی فوج کے ترجمان جنرل ترکی المالکی کے مطابق شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی اور فوجی تنصیبات کے دورے محدود کر دیے گئے۔امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو مشرقِ وسطیٰ کی 14 ریاستوں سے فوری روانگی کی ہدایت جاری کی ہے، جن میں اسرائیل، مقبوضہ فلسطین، اردن، شام، لبنان، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین اور سعودی عرب شامل ہیں۔