تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے خلیج عمان میں اپنے تجارتی جہاز پر امریکی کارروائی کے خلاف اقوام متحدہ میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق امریکا کی جانب سے ایرانی تجارتی جہاز پر قبضہ اور عملے کو یرغمال بنانا ایک غیر قانونی اور جارحانہ اقدام ہے، جو بین الاقوامی قوانین اور جنگ بندی معاہدوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔تہران نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور عالمی بحری تنظیم فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کریں، کیونکہ اس اقدام کے خطے میں سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ایران نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ جہاز اور اس کے عملے کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے، اور کارروائی کے دوران عملے اور ان کے اہل خانہ کو مبینہ طور پر دھمکیاں بھی دی گئیں۔ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ کارروائی سمندری قزاقی اور دہشت گردی کے مترادف ہے، اور امریکا خطے میں بگڑتی صورتحال کا مکمل ذمہ دار ہے۔تہران نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب اقدامات کرے گا۔