کراچی( ترکیہ خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم جاری کر دیا۔ انہوں نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کراچی اور ساتھ زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار کو ہر صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس اور معصوم لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے والے عناصر رتی بھر رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اور بلا دبا ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت دی اور کہا کہ ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائے گی۔ افسران کو ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے لیکن کارکردگی سے ادارے کی نیک نامی میں اضافہ کرنا ہوگا۔وزیر داخلہ نے انچارج افسران سے متعلقہ سرکلز کی کارکردگی رپورٹ طلب کی اور مزید محنت سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ 4 ماہ میں انسانی سمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر سہولت سنٹر قائم کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ کا منی لانڈرنگ اور انسانی سمگلنگ مافیا کے خلاف کارروائی کا حکم
3 ماہ قبل